جموں،31؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دفعہ35اے کو لے کر علاحدگی پسند تنظیموں کے مشترکہ اسٹیج جوائنٹ ریزسٹنس لیڈر شپ(جے آر ایل) کے دو دن کشمیر بند کی اپیل کے سبب جمعہ کو دوسرے دن بھی کشمیر وادی میں عوامی زندگی مفلوج ہے ۔جمعہ کو دورے دن بھی وادی بند کے دوران تمام دکانیں ،تجارتی ادارے،تعلیمی ادارے بند رہے ۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ کے برابر رہی۔ بند کو دیکھتے ہوئے کشمیر یونیور سٹی نے جمعہ کو ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے ۔کشمیر بند کو دیکھتے ہوئے جمعہ کو دوسرے دن بھی انتظامیہ نے سری نگر کے چھ پولس تھانوں، جن میں نوہٹہ ،کھان یار،رین واری، ایم آر گنج،صفا قدل ور مہاراج گنج میں حکم امتناعی نافذ کی گئی ہے جبکہکرال خرد اور میسومہ میں علامتی پابندیا ں نافذ کی گئی ہیں ۔ یہ پابندیاں پر تشدد مظاہروں کو روکنے کے لئے لگائی گئی ہیں ۔ اس دوران ممنوعہ علاقوں اور سری نگر کے دوسرے حساس علاقوں میں بڑی تعداد میں پولس اور پیرا ملٹری فورس کے جوانوں کو تعینات کیا گیاہے ۔ اسی درمیان بند کودیکھتے ہوئے انتظامیہ نے جمعہ کو دوسرے دن بھی بارہ مولہ سے بنیہال تک کی ریلوے سروس کو معطل کر رکھا ہے ۔ اس دوران حریت چیئر مین میر واعظ عمر فاروق کو نظر بند کیا گیا ہے ۔ بتا دیں کہ دفعہ 35اے پر 31اگست کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت کو دیکھتے ہوئے جے آ ر ایل دو دن یعنی جمعرات اور جمعہ کوکشمیر بندکی اپیل کی ہے ۔